علما ء کا کردار ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے
لاہور( نامہ نگار)جمعیت علما ئے اسلام شالامار ٹائون کے صدر مولانا حافظ محمد افضال اور سیکرٹری جنرل محمد عثمان خان نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ علما کا کردار ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ علما نے ہمیشہ دین کے ساتھ ساتھ قومی سلامتی، نظریاتی سرحدوں اور عوامی حقوق کے تحفظ میں بھی تاریخی کردار ادا کیا ، پنجاب حکومت کی جانب سے آئمہ مساجد کارڈ کے اجرا کو علما کو سیاست سے دور رکھنے کی ایک منظم سازش ہے یہ اقدام علما کو سیاسی میدان سے باہر کرنے کی ناکام کوشش ہے، جسے کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔رہنماں کا کہنا تھا کہ علما کرام نے ہر دور میں حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے اور وہ عوامی مسائل پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ کسی بھی قسم کی پابندی، دبا یا انتظامی ہتھکنڈوں کے ذریعے علما کو ان کے آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ علما نہ صرف مذہبی رہنمائی فراہم کرتے ہیں بلکہ سماجی انصاف، اتحادِ امت اور ملکی استحکام کے لیے بھی جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ علما کے کردار کو محدود کرنے کے بجائے انہیں قومی ترقی اور اصلاح کے عمل میں شریک کرے۔آخر میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر ایسے اقدامات واپس نہ لیے گئے تو جمعیت علما اسلام مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی اور ہر آئینی و جمہوری فورم پر علما کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔