معراج النبی ﷺ امتِ مسلمہ کے لیے جامع پیغام ہے:محمدزاہدصدیقی
لاہور(آئی این پی )جمعیت علماء پاکستان پنجاب کے ذمہ داران نے قائدِ جمعیت صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی کی ہدایات و رہنمائی کی روشنی میں صوبہ بھر کے مختلف علاقوں میں معراج النبی ﷺ کی بابرکت نسبت سے ایمان افروز اور روح پرور محافلِ میلاد و ذکر کا اہتمام کیا۔ ان محافل کا مقصد واقعۂ معراج کی عظمت و معنویت کو اجاگر کرنا اور امتِ مسلمہ کے دلوں میں عشقِ رسول ﷺ کی شمع کو مزید فروزاں کرنا تھا۔
ان محافل کے انعقاد میں علامہ نور احمد سیال (صدر)، مفتی محمد احمد برکاتی (سینئر نائب صدر)، ڈاکٹر جاوید اختر نورانی (جنرل سیکرٹری)، مفتی محمد حسین شائق ہاشمی (نائب صدر)، محمد عدنان رضا اور عقیل احمد سیال (جوائنٹ سیکرٹری)، محمد زاہد صدیقی (سیکرٹری اطلاعات)، حاجی محمد انصاری، محمد یعقوب داتار، مبشر وسیم لودھی (ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات)، مفتی ارشاد احمد حقانی، حافظ عبدالستار نقشبندی اور چوہدری ریاض احمد نوری نے نمایاں کردار ادا کیا اور اپنے اپنے علاقوں میں ان بابرکت محافل کی سرپرستی و نگرانی کی۔محافل میں عاشقانِ مصطفیٰ ﷺ نے والہانہ عقیدت اور بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ نامور علما و مشائخ نے واقعۂ معراج کو سیرتِ طیبہ ﷺ کا درخشاں باب قرار دیتے ہوئے اس کے روحانی، ایمانی اور عملی پہلوؤں پر مدلل اور بصیرت افروز خطابات کیے۔ مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ معراج النبی ﷺ امتِ مسلمہ کے لیے قربِ الٰہی، اطاعتِ رسول ﷺ، اور اخلاقی و روحانی بالیدگی کا جامع پیغام ہے۔محافل کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی سلامتی، وطنِ عزیز کی خوشحالی، امن و استحکام، اور عالمِ اسلام کے اتحاد و یکجہتی کے لیے رقت آمیز اجتماعی دعائیں کی گئیں، جبکہ حاضرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اسوۂ رسول ﷺ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں نافذ کرنے کی بھرپور کوشش جاری رکھیں گے۔