وزیر بلدیات کی زیر صدارت اجلاس، ویسٹ ٹو ویلیو فیز کا جائزہ
لاہور (نامہ نگار ) وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران ستھرا پنجاب اتھارٹی کے انتظامی معاملات اور ویسٹ ٹو ویلیو فیز کا جائزہ لیا گیا۔ ستھرا پنجاب اتھارٹی بل پر بھی مشاورت کی گئی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ اور ایڈیشنل سیکرٹری قراة العین بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ کمرشل مقامات پر صفائی کی ڈبل شفٹ کے آغاز کے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل مارکیٹوں میں ہر وقت صفائی کرنا ممکن نہیں۔ اس کے لئے تاجر حضرات ستھرا پنجاب اتھارٹی کے ساتھ تعاون کریں۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ مقررہ وقت پر ویسٹ اٹھانے کے بعد گندگی پھیلانے پر جرمانے کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقے اور مارکیٹیں صاف رکھنے میں اہلِ علاقہ کا ہی فائدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے لاہور میں ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلی کی ہدایت پر مثالی گاؤں پروگرام میں بھی بائیو گیس پائلٹ پراجیکٹ شامل کیا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ بائیوگیس پلانٹس لگانے سے جہاں ایک طرف گھریلو استعمال کیلئے مقامی سستی گیس میسر ہوگی وہاں دوسری جانب فصلوں کے لئے بائیو فرٹیلائزر بھی حاصل کی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ سے الیکٹرک اور میٹرو بسوں کو سستی بجلی فراہم ہوسکے گی۔ اس کے لئے بلدیات اور توانائی کے محکمے مل کر کام کر رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران ویسٹ ٹو ویلیو فیز کے لئے سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جبکہ صفائی انتظامات میں شہریوں کی شمولیت بڑھانے کیلئے موثر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔