عوامی مسائل کے حل، عوام کو جوابدہی اور شفافیت کے اقدامات پر رپورٹ جاری

اسلام آباد (نامہ نگار)وزارت پارلیمانی امور نے عوامی مسائل کے حل، عوام کو جوابدہی اور شفافیت کے فروغ کیلئے 2025 میں کئے جانے والے اقدامات کی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہاگیا کہ ملک میں گزشتہ سال کے دوران عوامی شکایات کے 93 فیصد کیسز نمٹا دیئے گئے۔بدھ کو وزارت پارلیمانی امور کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزارتِ کی طرف سے ملک بھر سے موصول ہونے والی 21ہزار 281عوامی درخواستوں پر کارروائی عمل میں لائی گئی جن میں وزیرِاعظم کے عوامی امور و شکایات ونگ کو موصول ہونے والی شکایات میں زمینوں پر قبضہ، ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر، پولیس کے طرزِ عمل، یوٹیلیٹی بلوں میں بے ضابطگیوں اور مالی معاونت سے متعلق مسائل نمایاں تھے،ان شکایات میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی درخواستیں بھی شامل تھیں۔وزارت پارلیمانی امور نے کہا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے ذریعے شفافیت، جوابدہی اور حکومت پر عوامی اعتماد کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں،حکومت تک عوامی رسائی بڑھانے کے لئے شکایات ونگ نے یونیورسل ایکسیس نمبر 554ـ555ـ111 بھی متعارف کرایا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک گیر آگاہی مہم کے تحت عوام کو وزارت کی خدمات کے متعلق تقریباً 12 کروڑ 30 لاکھ ایس ایم ایس ارسال کیے گئے،وزارت پارلیمانی امور کے اقدامات کے باعث شکایات کی تعداد 2024 میں12ہزار 597سے بڑھ کر 2025 میں 21ہزار281 تک پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق خصوصی اقدام کے طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں عوام تک براہِ راست رسائی حاصل کی گئی، خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں شکایات ڈیسک قائم کیے گئے، موصول ہونے والی 445 شکایات میں سے بیشتر کو مقامی انتظامیہ کے تعاون سے موقع پر حل کیا گیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ پارلیمانی امور نے بھی باقاعدگی سے عوامی شکایات سننے کے لئے اجلاسوں کا انعقاد کیا ،وزارت کا پارلیمان اور حکومت کے درمیان روابط مؤثر بنانے کے لئے ٹریک اینڈ ٹریس میکانزم متعارف کرایا گیا جس سے بلوں، سوالات، قراردادوں اور توجہ دلاؤ نوٹسز پر حکومتی ردِعمل کی ریئل ٹائم نگرانی ممکن ہوئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران وزارت نے 6 قائمہ کمیٹیوں کے 49 اجلاس منعقد کیے، پارلیمان میں دی گئی 37 سرکاری یقین دہانیوں پر عملدرآمد کی نگرانی کی گئی ،وزیرِ دفاع کی سربراہی میں قائم وزارتی کمیٹی نے حکومتی قانون سازی پر پیش رفت یقینی بنائی اور پارلیمان کے دونوں ایوانوں سے 39 حکومتی بلوں کی منظوری میں سہولت فراہم کی گئی،وزیرِ پارلیمانی امور نے پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں فعال کردار ادا کرتے ہوئے 207 سوالات کے جوابات دیئے۔اس کے علاوہ وزیرِ پارلیمانی امور نے 20 توجہ دلاؤ نوٹس، 6 آئینی و قانونی رپورٹس ایوان میں پیش کیں ،وزیرِ پارلیمانی امور نے 5 قراردادوں پر جواب، 9 تحریکوں پر بحث سمیٹی، 26 قانون سازی کے بلوں سے متعلق کارروائی انجام دی گئی۔وزارت پارلیمانی امور نے کہا ہے کہ ادارہ جاتی اور پارلیمانی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button