جدوجہدِ آزادی کی تاریخ کا المناک اور ناقابلِ فراموش باب ہے،ملک امیر کابل
لندن(این این آئی)صدر اوورسیز پاکستانیز ویلفیئر کونسل کشمیر فورم لندن ملک امیر کابل نے سانحہ سوپور کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سانحہ سوپور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی تاریخ کا ایک المناک اور ناقابلِ فراموش باب ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے نے نہ صرف کشمیری قوم کو غمزدہ کیا بلکہ عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ملک امیر کابل نے کہا کہ سانحہ سوپور میں نہتے اور بے گناہ کشمیری شہریوں کی قربانیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ کشمیری عوام اپنے بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور کشمیری عوام کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔آخر میں صدر کشمیر فورم لندن نے شہداء سانحہ سوپور کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز کشمیری دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور ہر فورم پر کشمیری عوام کی آواز بنتے رہیں گے۔