اسلام آباد ٹریفک پولیس نظم و ضبط کی بہتری کیلئے پرعزم، سی ٹی او
اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد ٹریفک پولیس لین وائلیشنز اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں کے خلاف موثر کارروائیوں کے ذریعے نظم و ضبط کو بہتر بنانے اور شہر میں ٹریفک مینجمنٹ کو مزید موثر بنانے کیلئے پرعزم ہے۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر)حمزہ ہمایوں نے لفٹر آپریٹرز اور چیک پوائنٹس پر تعینات پولیس افسران کو اپنے دفتر طلب کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی اور تعریفی اسناد دیں۔اس موقع پر سی ٹی او اسلام آباد نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے میں افسران اور جوانوں کی محنت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو ٹریفک حادثات سے محفوظ بنانے اور ٹریفک کو بلا رکاوٹ رواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں، جبکہ حادثات میں کمی کیلئے قوانین پر سختی سے عملدرآمد انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے ماتحت عملے کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ سی ٹی او نے مزید بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس آگاہی ٹیمیں مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر شہریوں کو روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کر رہی ہیں جبکہ ریڈیو ایف ایم 92.4 کے ذریعے بھی ٹریفک کی تازہ صورتحال اور قوانین سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔