کریک ڈائون، اشتہاریوں سمیت 14 جرائم پیشہ عناصر گرفتار
اسلام آباد(نامہ نگار)اسلام آباد پولیس نے جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے وفاقی دارالحکومت میں موثرکریک ڈائو ن جاری رکھتے ہوئے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاریوں سمیت 14 جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر تھانہ رمنا، تھانہ سمبل، تھانہ سنگجانی، تھانہ انڈسٹریل ایریا، تھانہ نون، تھانہ کھنہ، تھانہ ہمک، تھانہ پھلگراں اور تھانہ شہزاد ٹان کی پولیس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ہیروئن، آئس، تین عدد مختلف بور کے پستول اور دو عدد کلاشنکوف بمعہ ایمونیشن برآمد کر لی گئی۔پولیس کے مطابق مجرمان اشتہاریوں اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کیلئے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران مزید تین مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ تمام گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے اور کسی بھی عنصر کو شہر کے امن میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ تھانے یا ایمرجنسی ہیلپ لائن پکار-15 پر دیں۔