کرسمس کا تہوار 25دسمبر کوجوش و خروش سے منائے گی
جہانیاں(نامہ نگار )پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری کرسمس کا تہوار 25دسمبر کوجوش و خروش سے منائے گی،جہانیاں سمیت ملک بھر میں مسیحی برادری کے زیر اہتمام مذہبی تقریبات کا انعقاد اور ملکی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری 25دسمبر کو حضرت عیسیٰ علیہ اسلام کے یوم ولادت کے سلسلے میں کرسمس کا تہوار منائے گی۔اس سلسلے میںجہانیاںسمیت ملک بھر میں کرسمس کے موقع پر تقریبات منعقد کرکے ملکی ترقی اورخوشحالی کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی۔واضح رہے کہ مسیحی برادری حضرت عیسٰی علیہ السلام کی ولادت کی خوشی میں ہرسال 25دسمبر کو کرسمس کا تہوار مناتی ہے ۔ اس دن کو یسوع مسیح کی دنیا میں آمد کو امن و خوشی کے دن کی بشارت کی یاد تازہ کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ کیونکہ مسیحی عقیدے کے مطابق یسوع مسیح کا دنیا میں آنا انسان کو نجات کی راہ دکھاتا ہے۔ اس موقع پر معاشرے،ملک،دنیا بھر کے حکمرانوں اور عوام کی خیر و عافیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی تاکہ دنیا سے جنگ نفرت دہشت گردی جھگڑے ختم ہوں اور تمام انسان خلوص پیار و محبت سے آپس میں مل جل کر رہتے ہوئے امن قائم کریں۔ کرسمس کے اس پرمسرت موقع پر سانتا کلاز کے روپ میں ایک شخص بچوں میں کھلونے اور دیگر تحائف بھی تقسیم کرتا ہے۔ نیز مسیحی اس دن کو بڑا دن یا بڑی عید بھی قرار دیتے ہیں۔