جوہرآباد : پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کی تقریب کا انعقاد
خوشاب( ملک شیرافضل ٹوانہ سے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈسٹرکٹ پبلک سکول جوہرآباد میں منعقدہ پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کی تقریب تقسیمِ انعامات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خوشاب عبدالستار خان، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی شاہد عمران، پرنسپل ڈی پی ایس، سی ای او ایجوکیشن شبیر صابری، مختلف محکموں کے سربراہان، اساتذہ کرام، طلباء و طالبات کے والدین اور سکول کے طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔تقریب میں سکول کے بچوں نے ملی نغمے، ٹیبلو، ڈرامے اور مختلف شاندار پرفارمنس پیش کیں جنہیں حاضرین نے خوب سراہا۔ کمشنر سرگودہا نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں اور ان کی محنت اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیابی کا راستہ محنت، نظم و ضبط اور مثبت سوچ سے ہو کر گزرتا ہے۔ تعلیم ہی قوموں کی ترقی کی بنیاد ہے اور نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کرنا ہوگا۔ کمشنر سرگودہا نے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ طلباء کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں جبکہ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دیں۔