حکومت نے غریب کو زندہ درگور کر دیا :جام احمد جمیل
رحیم یارخان(نامہ نگار )پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کے ضلعی جنرل سیکرٹری جام احمدجمیل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے چنگ چی رکشہ اور موٹرسائیکل پھٹا رکشہ پر پابندی کا فیصلہ غریب محنت کشوں پرظلم وزیادتی کے مترادف ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیوری سے روزگارکمانے والے ہزاروں غریب مزدوروں اوردیہاڑی دارافراد کے گھروں کے چولہے بند اور ان کے خاندانوں کوفاقہ کشی پر مجبور کردیاگیا ہے جبکہ موٹرسائیکل پر سکول جانیوالے طلباء پر بھی مقدمات درج کرکے ان کا مستقبل داغدار کیاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوردراز علاقوں سے سکول جانیوالے طلباء وطالبات رکشہ پرپابندی کے باعث گھروں میں بیٹھ گئے ہیں جس سے ان کا شدید تعلیمی حرج ہورہا ہے جبکہ کم عمر طلباء جواپنی موٹرسائیکل پر سکول کالج جاتے تھے ان پر بھی لائسنس کے نام پر مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔جام احمدجمیل نے کہا کہ حکومت اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے اور چالان‘ مقدمات کی بجائے آگہی پروگرام شروع کرے جبکہ طلباء کو خصوصی ایجوکیشنل لائسنس جاری کیاجائے۔ اسی طرح متبادل روزگار فراہم کئے بنا غریب محنت کشوں سے ان کا روزگارچھین کر جیلوں میں بند کیاجارہا ہے‘ اگر حکومت نے رکشہ پر پابندی لگانی ہے تو متبادل روزگار کی فراہمی تک ان غریب ہزاروں لاکھوں محنت کشوں کے خاندانوں کی کفالت کی ذمہ داری اٹھائے تاکہ یہ غریب لوگ بھوک وافلاس سے تنگ آکر جرائم کا راستہ اختیار نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر جیلوں میں بند محنت کشوں کو رہا کرے اور متبادل روزگار کی فراہمی تک انہیں ریلیف فراہم کیاجائے۔