جے یو آئی وزیراعلی پنجاب اعزازیہ کارڈ کو مسترد کرتی ہے
لاہور( نامہ نگار)جمعیت علما ئے اسلام لاہور کے امیر شیخ الحدیث حضرت مولانا محب النبی ، جنرل سیکرٹری مولانا عبد الرحمان ، مولانا امجد سعید، جمال عبدالناصر ، حافظ محمد اشرف گجر ، پرو فیسر مولانا محمد ابو بکر چوہدری ، مفتی خلیل احمد، پروفیسر گل نایاب، شاہد اسرار صدیقی، قاری معاویہ مکی، مولانا عبد الشکور یوسف، محمد یوسف حنفی، قاری غلام حسین فاروقی ، مولانا یوسف جام اور قاری سید طارق احمد شاہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے آئمہ مساجد کے لیے شروع کیے گئے وزیراعلی پنجاب اعزازیہ کارڈ پروگرام کو مسترد کر دیا ہے۔ جے یو آئی کے رہنماں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام آئمہ کرام کی فلاح کے نام پر کنٹرول کا ذریعہ ہے اور اس سے منبر و محراب کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔جے یو آئی کے رہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ آئمہ مساجد دینی و سماجی رہنمائی کا فریضہ انجام دیتے ہیں اور ان کی آواز کو خاموش کرانے یا سرکاری بیانیے تک محدود کرنے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔ جے یو آئی کا موقف ہے کہ اگر حکومت واقعی آئمہ و مساجد کی فلاح چاہتی ہے تو مساجد کے بجلی کے بلوں میں سبسڈی دے۔