کھمبوں سے سامان چوری ،واپڈا کو کروڑوں کے نقصان کا خدشہ
مصطفی آباد/للیانی(حمید قصوری )پٹرولنگ پولیس کی ناقص کارکردگی و لاپرواہی،مین روڈ پر لگے کھمبوں کے سامان کی چوری سے مسافروں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں،واپڈا کو بھی کروڑوں کے نقصان کاخدشہ۔تفصیلات کے مطابق پٹرولنگ پولیس کی مبینہ غفلت اور ناقص کارکردگی نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔نشئی مین فیروز پور روڈ پر لگے واپڈا گریڈ سٹیشن کے مین کھمبوں سے نٹ بولٹ مکمل طور پر اتار کر لے جارہے ہیں اور یہ چوری کی وارداتیں دن دیہاڑے سرانجام دی جارہی ہیں۔نٹ بولٹ اور دوسراسامان چوری ہو رہا ہے۔ستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ پٹرولنگ پولیس کی ایک گاڑی اس جگہ کے ساتھ ساتھ پٹرولنگ کرتی ہے مگر واپڈا کی تنصیبات کو نقصان پہچانے والے چور ان کی نظر سے غائب ہیں۔کھمبوں کے نٹ بولٹ نکلنے کی وجہ سے ان کے کسی بھی وقت زمین پر گرنے کا خدشہ بھی منڈلا رہا ہے ۔یہ کھمبے مین فیروز پور روڈ پر واقع ہیں جہاں سے ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں کا روزانہ گزر ہوتا ہے ۔ان کھمبوں کے گرنے سے محکمہ کا تو کروڑوں کا نقصان ہوگا ہی اس کے ساتھ ہی شہریوں کی زندگیاں بھی دائو پر لگ چکی ہیں۔چوروں کی بجلی کے کھمبے کاٹنے کی ویڈیوز بھی منظرعام پر آچکی ہیں۔شہریوں نے اعلی حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔