ملازمین کوجلد خوشخبری ملے گی:چوہدری خالد سنگھیڑا
رحیم یارخان( بزمن ڈاٹ کام )سرکاری ملازمین کی اپنے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے جاری جدوجہد رنگ لائے گی اور ملازمین کوجلد خوشخبری ملے گی‘پنجاب حکومت اور اپیکا واگیگا قیادت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے‘ سرکاری ملازمین کے بنیادی حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے‘ اپیکا کے مرکزی صدر وچیئرمین اگیگا پنجاب چوہدری خالد جاویدسنگھیڑا ودیگر قائدین کی زیرقیادت حکومت پنجاب کے ساتھ مذاکرات کے نتیجہ میں تمام مطالبات جلدمنظور ہوں گے‘ سرکاری ملازمین اپنے حقوق کے حصول اور بنیادی مراعات کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کااظہار آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن وآل گورنمنٹ ایمپلائزگرینڈالائنس کے ضلعی صدر محبوب خان نے پنجاب ٹیچر یونین خواتین ونگ کی صدر میڈم ثمینہ اقبال رانا‘لیب انٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کے چوہدری عبدالرزاق اور میاں شہزاد کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محبوب خان نے کہا کہ 4نومبر کے کامیاب احتجاجی دھرنے کی وجہ سے حکومت پنجاب مذاکرات پر مجبور ہوئی اور صوبائی وزیرمحنت محمدمنشاء اللہ بٹ نے اپیکا واگیگا کی مرکزی وصوبائی قیادت سے جووعدے کئے ہیں توقع ہے کہ وہ پورے ہوں گے اور لیوان کیش منٹ‘ پنشن ترامیم‘ رولز 17A‘ 30فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس سمیت دیگر تمام مطالبات کوتسلیم کیاجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین پرامن رہیں اور مذاکرات کے عمل مکمل ہونے کا انتظار کریں‘ انشاء اللہ بہت جلد خوشخبری ملے گی۔