بین الاقوامی قانون کی کوئی حیثیت ہے یا نہیں: ایران

دوحہ (بزمن ڈاٹ کام ) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ فلسطین ہمارے خطے کی سٹریٹجک اور اخلاقی سمت متعین کرتا ہے، فلسطین مغربی ایشیا ءاور اس سے باہر انصاف کا بنیادی سوال ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے دوحہ میں ایک فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ فلسطین مغربی ایشیا ءاور اس سے باہر انصاف کا بنیادی سوال ہے۔فلسطین کا مسئلہ اس بات کا امتحان ہے کہ آیا بین الاقوامی قانون کی کوئی حیثیت ہے، انسانی حقوق واقعی عالمی اقدار ہیں یا نہیں اور آیا عالمی ادارے کمزوروں کے تحفظ کے لیے موجود ہیں یا طاقتوروں کے مفادات کو جواز فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں فلسطینی بحران کو غیر قانونی قبضے اور بنیادی حقوق کی نفی کا نتیجہ سمجھا جاتا تھا، لیکن اب یہ بحران اس حد سے کہیں آگے بڑھ چکا ہے۔ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ محض جنگ یا دو برابر فریقوں کے درمیان تنازع نہیں بلکہ شہری آبادی کی بڑے پیمانے پر دانستہ تباہی ہے، جسے انہوں نے نسل کشی قرار دیا۔



